کینیڈا کے وزیراعظم ٹروڈی کا غزہ میں اسرائیلی تشدّد کی تحقیقات کا مطالبہ

(اوٹاوا۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 02 رمضان 1439ھ) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈی نے غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کے نشانہ باز کیجانب سے کینیڈا کے ایک ڈاکٹر کو گولی مارکر زخمی کردینے کی مذمّت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ میں اسرائیل کی مبینہ سرحد کے نزدیک 14 مئی کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 60 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 2700 سے زائد زخمی ہوئے تھے جن میں کینیڈا کا ڈاکٹر طارق لوبانی بھی زخمی شامل ہے جو اطلاعات کیمطابق تاک کر گولی مارنے والے اسرائیلی فوج کے نشانہ باز کی گولی کا نشانہ بنا ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کیمطابق جاں بحق ہونے والے بیشتر فلسطینیوں کو تاک کر دانستہ طور پر گولی ماری گئی تھی۔ ہلاک شُدگان میں بچّے بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم ٹروڈی نے اسرائیل کیجانب سے حد سے زیادہ طاقت اور گولہ بارود کے استعمال کو ’’بلاجواز‘‘ قراردیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’کینیڈا کو غزہ میں تشدّد پر افسوس اور شدید تشویش ہے جس کی وجہ سے جانوں کا ضیاع ہوا اور لاتعداد لوگ زخمی ہوئے‘‘۔ اس بیان میں کینیڈا کے وزیراعظم نے براہِ راست اسرائیل یا اسرائیل کے وزیراعظم کا نام لینے سے گریز کیا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں دکھ ہے کہ ذرائع ابلاغ کے ارکان، ابتدائی مدد فراہم کرنے والوں، بچّوں اور زخمی ہوجانے والے بہت سے نہتّے لوگوں سمیت کینیڈا کا شہری ڈاکٹر لوبانی بھی شامل ہے‘‘۔ 

کینیڈا کے ذرائع ابلاغ نے ڈاکٹر لوبانی کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا ہے کہ جب پیر کے روز اُن کے دونوں پیروں پر گولی ماری گئی تو وہ غزہ میں زخمیوں کی مرہم پٹّی کررہے تھے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر کا لباس پہنے ہوئے تھے اور مظاہرین سے 25 میٹر کے فاصلے پر دیگر طبّی کارکنان کیساتھ تھے۔ ڈاکٹر لوبانی نے یہ بھی کہا ہے کہ ’’ یہ یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ مجھے خاص طور پر نشانہ نہیں بنایا گیا‘‘۔

اطلاعات کیمطابق طبّی عملے کے دیگر 16 ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ ڈاکٹر لوبانی کی فوری مدد کرنے والے ڈاکٹر موسیٰ ابُو حسنین کو بعد ازاں اُس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جب وہ ایک اور مریض تک پہنچنے کی کوشش کررہے تھے۔

دوسری جانب، ایک ہی دن میں 60 سے زائد فلسطینویں کو گولیاں مارکر ہلاک اور 2700 کو زخمی کرنے کے بعد بھی اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سرحد کا دفاع کررہی ہے۔ تاہم ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ اسرائیل کی مبینہ سرحد پر کسی نے حملہ کیا اور نہ ہی ان پُرتشدّد واقعات میں کوئی اسرائیلی فوجی یا شہری زخمی ہوا ہے۔

غزہ میں عینی شاہدین کیمطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی احتجاجی مظاہرین کو بلاجواز اور تاک تاک کر گولی مارکر ہلاک اور زخمی کیا ہے جن میں بچّے، صحافی اور طبّی کارکن شامل ہیں۔