پاکستان میں جاپان کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ21 ذوالقعدہ 1439ھ) پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کُرائی نے تحریکِ انصاف کے سربراہ اورپاکستان کے متوقع وزیرِاعظم عمران خان سے بنی گالہ میں اُن کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے اعلان کیمطابق جاپانی سفیر نے عمران خان کو عام انتخابات میں اُن کی جماعت کی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جاپان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کے باوجود گزشتہ 11 سال کے دوران کسی جاپانی وزیرِاعظم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جبکہ جاپان کے موجودہ وزیرِاعظم شِنزوآبے ستمبر 2006ء سے ستمبر 2007ء اور بعد ازاں دسمبر 2012ء سے اب تک مسلسل وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہیں لیکن اُنہوں نے بطورِ وزیرِاعظم کبھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والے جاپانی وزیرِاعظم جُن اچیروکواِزومی تھے جنہوں نے اپریل 2005ء میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ اِس دورے کے بعد کسی جاپانی وزیرِاعظم نے اب تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ اس کے برعکس 2005ء سے اب تک جاپانی وزرائےاعظم متعدد بار بھارت کا دورہ کرچکے ہیں۔

جاپان کے وزیرِ خارجہ تارو کونو نے رواں سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جو کہ 2009ء کے بعد کسی بھی جاپانی وزیرِ خارجہ کا پہلا دورہٴ پاکستان تھا۔ دوسری جانب، پاکستان کی جانب سے فروری 2011ء میں صدر آصف علی زرداری نے جاپان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان کے کسی صدر یا وزیرِاعظم نے اب تک جاپان کا دورہ نہیں کیا ہے۔

دریں اثناء، پاکستان تحریکِ انصاف کے قائد عمران خان کو دنیا بھر سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان، افغانستان کے صدر اشرف غنی اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹیلیفون کرکے عمران خان کو عام انتخابات میں اُن کی جماعت کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک کے اسلام آباد میں تعینات سفراء نے بنی گالہ پہنچ کر اپنے اپنے ملکوں کے رہنماؤں کیجانب سے مبارکباد کے پیغامات پہنچائے ہیں۔