پاکستان میں انتخابی مہم کا اختتام، بُدھ کی صبح رائے دہی کا آغاز ہوگا

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 11 ذوالقعدہ 1439ھ)  پاکستان میں 25 جولائی بُدھ کے روز ہونے والے عام انتخابات کی انتخابی مہم پیر کی درمیانی شب اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ اس مہم کے دوران کئی اُمیدواروں کے اجتماعات پر حملے ہوئے جبکہ پوری انتخابی مہم میں اہم جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے مخالفین کیخلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھا۔

پاکستان کے انتخابی کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی کی 270 نشستوں کیلئے سیاسی جماعتوں اور آزاد اُمیدواروں کے مابین مقابلہ ہورہا ہے۔ سابق حکمراں جماعت مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ممکنہ کامیابی کے دعوے کیے جارہے ہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشن اور 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابی کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کرنے کے مجاز ہیں جن میں مرد  رائے دہندگان  کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین رائے دہندگان کی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔ قومی اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے پنجاب کی 141،  سندھ کی 61،  خیبرپختونخوا کی 39،  بلوچستان کی 16، فاٹا کی 11 اور اسلام آباد کی 3 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔

انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات میں امن وامان اور شفّاف رائے دہی کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے  ملک بھر میں فوج اور پولیس سمیت 8 لاکھ اہلکار بھی فرائض انجام دینگے۔