پاکستان-جاپان دوستی میلے کا آج ٹوکیو کے وینو پارک میں افتتاح

(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 28 ذوالقعدہ 1439ھ)  پاکستان-جاپان دوستی میلے 2018ء کا افتتاح آج ٹوکیو کے معروف وینو پارک میں ہوگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ 10 سالوں سے یہ میلہ وقفے وقفے سے منعقد ہوتا رہا ہے۔ پچھلے سال بھی یہ میلہ وینو پارک ہی میں منعقد ہوا تھا۔

10 اگست سے 14 اگست تک جاری رہنے والے اِس سالانہ میلے میں پاکستانی اور جاپانی ریستورانوں کے علاوہ پاکستانی ملبوسات اور روایتی مصنوعات کے اسٹال بھی لگائے جاتے ہیں۔ اس سالانہ میلے میں جاپانی اور پاکستانی فنکار ثقافتی رقص وموسیقی پیش کرنے کے علاوہ پاکستانی لباس و دلکش شخصیت کے انتخاب کا مقابلہ بھی ہوتا ہے جس میں پاکستانی اور جاپانی مردوخواتین شرکت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی کھانا کھانے کا مقابلہ ہوتا ہے جبکہ خواتین کی دلچسپی کیلئے مہندی لگانے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

اس سال جولائی اور اگست کے أوائل میں بھی ٹوکیو سمیت جاپان بھر میں شدید گرمی پڑی ہے لیکن پچھلے دو دنوں سے ٹوکیو میں بارش کی وجہ سے گرمی کا زور بڑی حد تک ٹوٹ گیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان-جاپان دوستی میلے 2018ء کے پانچ دنوں کے دوران موسم بہت زیادہ گرم نہیں ہوگا۔

وینو کے مشہور چڑیا گھر کے قریب ہی میلے کے انعقاد کی وجہ سے توقع ہے کہ اِس سال بھی ہزاروں افراد پاکستان-جاپان دوستی میلے میں شرکت کریں گے۔