ٹرمپ نے وزیرِخارجہ ریکس ٹِلرسن کو برطرف کردیا، پومپیو نئے وزیرِ خارجہ مقرر

(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 26 جمادی الثانی 1439ھ)  امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِخارجہ ریکس ٹِلرسن کو اُن کے عہدے سےبرطرف کردیا ہے اور ان کی جگہ مرکزی خفیہ ادارے (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو نیا وزیرِخارجہ مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ٹرمپ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے منگل کی صبح اپنے فیصلے کی خبر جاری کی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جینا ہاسپل کو سی آئی اے کی نئی سربراہ مقرر کیا جائے گا جو کہ امریکا کے مرکزی خفیہ ادارے کی پہلی خاتون سربراہ ہوں گی۔

امریکی ذرائع ابلاغ پہلے ہی پیشگوئی کررہے تھے کہ صدر ٹرمپ اور وزیرِ خارجہ ریکس ٹِلرسن کے تعلقات ہموار نہیں اور کئی اُمور پر دونوں کے خیالات میں وسیع اختلاف پایا جاتا ہے۔ اطلاعات کیمطابق مشرقِ وسطیٰ، شمالی کوریا اور ایران کے معاملے میں ٹرمپ اور ٹِلرسن کے مابین سخت اختلافِ رائے تھا۔

وزیرِ خارجہ ریکس ٹِلرسن کے افریقہ کے دورے سے واپسی پر صدر ٹرمپ نے اُنہیں برطرف کرتے ہوئے اُن کی خدمات پر اظہارِ تشکّر بھی کیا۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دراصل ریکس کیساتھ ٹھیک ٹھاک چلا لیکن درحقیقت یہ ایک مختلف طے شُدہ ذہن تھا، یہ ایک مختلف سوچ تھی‘‘۔

امریکی ذرائع ابلاغ نے وزیرِ خارجہ ریکس ٹِلرسن کی برطرفی کو حکومت پر گرفت مضبوط تر کرنے کی ٹرمپ کی حکمتِ عملی قراردیا ہے۔ سی این این سمیت کئی ذرائع ابلاغ اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مزید کئی دیگر عہدیداروں کو برطرفی کا سامنا ہوسکتا ہے جن میں قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میکماسٹر، اٹارنی جنرل جیف سیشنز اور وزیرِ دفاع جِم میٹِس شامل ہیں۔