مسجد الحرام میں اعتکاف کیلئے درخواستیں 15 شعبان سے پیش کرنیکی ہدایت

(جدہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 شعبان 1439ھ)  حرمین الشریفین کی اعلیٰ انتظامیہ نے مسجد الحرام میں اعتکاف کے خواہشمندوں سے 15 شعبان سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ اطلاعات کیمطابق درخواستیں حرمین انتظامیہ کی جنرل پریذیڈنسی کی ویب سائٹ کے ذریعے لی جائیں گی۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 15رمضان المبارک ہو گی جبکہ اعتکاف کارڈ 16رمضان المبارک سے 20 رمضان المبارک تک جاری کیے جائیں گے۔ اعتکاف کا سلسلہ ماہِ رمضان کی 19 سے رمضان المبارک کے آخر تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے توجہ دلائی ہے کہ اندراج کا تعلق مرد حضرات سے ہے۔ اعتکاف کے اُمیدوار مسجد الحرام کے گیٹ نمبر 119 کے سامنے قائم خصوصی کیبن کی خدمات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔ 

دریں اثناء، کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈّے کی انتظامیہ کیجانب سے جاریکردہ اعداد و شمار کیمطابق یکم صفر 1439ھ سے شروع ہونے والے عمرہ موسم کے تحت 64 لاکھ 31 ہزار 604 معتمر ارضِ مقدس آچکے ہیں۔ آنے والے معتمرین کا ماہانہ تناسب 10 لاکھ رہا۔ اس ہوائی اڈّے کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران معتمرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے پیشِ نظر تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں اور ہوائی اڈّا تمام لوگوں کو مطلوبہ خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ ہر سال عمرے کیلئے سعودی عرب آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ سال جُون کے مہینے میں سعودی عرب کی وزارتِ حج اور عمرہ کیجانب سے جاریکردہ اعداد و شمار کیمطابق مذکورہ سال عمرہ کیلئے تقریبا 67 لاکھ 50 ہزار ویزے جاری کیے گئے تھے۔ پاکستان سے عمرے کیلئے آنے والوں کی تعداد 14 لاکھ 46 ہزار 284 تھی جو کسی بھی ملک سے عمرے کی ادائیگی کیلئے آنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔