محمود عباس تنظیم آزادی فلسطین اور فلسطین کے دوبارہ صدر منتخب

(رملہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 شعبان 1439ھ)  فلسطین کے صدر محمود عبّاس کو متفقہ طور پردوبارہ فلسطینی ریاست کا صدر اور تنظیم آزادیٴ فلسطین کا سربراہ منتخب کرلیا گیا ہے۔ رملہ میں فلسطین کی قومی کونسل کے 23 ویں عمومی اجلاس کے آخری دن جمعہ کے روز نئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ یہ اجلاس چار روز جاری رہا جس میں تنظیمی اُمور کے علاوہ دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ فلسطین کی قومی کونسل، فلسطین کی جلاوطن پارلیمان ہے۔

تنظیم آزادیٴ فلسطین کے اعلیٰ عہدیداروں کی کمیٹی کے رُکن عظام الاحمد نے جمعہ کی علی الصبح اعلان کیا کہ تنظیم کی اعلیٰ ترین کمیٹی نے متفقہ طور پر محمود عبّاس کو تنظیم آزادی فلسطین کا سربراہ منتخب کرلیا ہے۔

بعد ازاں، صدر محمود عبّاس نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ فلسطین کی قومی کونسل کے اختتام پر تنظیم آزادیٰ فلسطین کے دھڑوں نے تنظیم کی اعلیٰ ترین کمیٹی کے 15 ارکان کو متفقہ طور پر منتخب کرلیا ہے جن کے نام بالترتیب یہ ہیں۔ محمود عبّاس (صدر)، صائب اراکات، عظام الاحمد، حنان اشروی، تیصیر خالد، بسام صالحی، احمد مجدلانی، فیصل اراناکی، صالح رافات، واصل ابُو یوسف، زیاد ابُو امر، علی ابُو زہری، عدنان حسینی، احمد بیّود تمیمی اور احمد ابُو ہولی۔

جناب محمود عبّاس نے یہ بھی بتایا کہ تنظیم آزادیٴ فلسطین کی اعلیٰ ترین کمیٹی میں تین نشستیں خالی رکھی گئی ہیں کیونکہ وہ کسی کو بھی قومی اتحاد سے باہر نہیں رکھنا چاہتے۔ اُن کا اشارہ الجبهة الشعبية لتحرير فلسطين اور حماس کیجانب تھا جنہیں قومی اتحاد اور تنظیم آزادی فلسطین کے فیصلوں کی پاسداری کی صورت میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ الجبهة الشعبية لتحرير فلسطين کو پاپولر فرنٹ برائے آزادیٴ فلسطین بھی کہا جاتا ہے۔