مالدیپ میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھی جائے: گتیرس

نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 7 فروری 2018)  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے مالدیپ میں حکومت کی طرف سے ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد زور دیا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا جائے۔ مالدیپ میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد فوجی عدالت عظمیٰ میں داخل ہوئے اور منصف اعلیٰ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جناب گتیرس نے مالدیپ میں تیزی سے بدلتہ صورتحال پر گہرہ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے اور عدلیہ کے ارکان سمیت ملک میں عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ اختتام ہفتہ پر قوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے مالدیپ کی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ عدالتی فیصلے کا مکمل احترام کرے جبکہ سیکریٹری جنرل گتیرس نے سیاسی تعطل کو ختم اور حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کیجانب سے تمام فریقوں کو مذاکرات کیلئے سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

یہ خدشہ بڑھتا جارہا ہے کہ بھارت جیسے علاقائی اجارہ داری کے عزائم رکھنے والے ملکوں کی مالدیپ میں مزید مداخلت سے صورتحال زیادہ بگڑ جائے گی۔