مائیک پومپیئو نے کم جونگ اُن سے ملاقات کی ہے، صدر ٹرمپ نے تصدیق کردی

(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 3 شعبان 1439ھ)  امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعے تصدیق کردی ہے کہ سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیئو نے اپنے دورہٴ شمالی کوریا میں گزشتہ ہفتے کِم جونگ اُن سے ملاقات کی تھی۔

اپنے ٹوئیٹربیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملاقات بہت ٹھیک ٹھاک رہی اور ایک اچھّا تعلق قائم ہوگیا ہے۔ اُن کے بیان کیمطابق اب سربراہ ملاقات کی تفصیلات پر کام ہورہا ہے۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ جوہری صلاحیت کا خاتمہ نہ صرف دنیا بلکہ شمالی کوریا کیلئے بھی شاندار بات ہوگی۔

اِس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے مابین براہِ راست رابطے ہورہے ہیں اور امریکی صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ اُن سے سربراہ ملاقات کیلئے مکمل تیاری میں ہیں۔ لیکن ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی سربراہ ملاقات کہاں اور کس تاریخ کو ہوگی۔

دوسری جانب، جنوبی اور شمالی کوریا کے سربراہ ملاقات 27 اپریل کو طے ہے جس میں سیئول کا کہنا ہے کہ 53-1950 کی کوریا جنگ کے باضابطہ خاتمے اور ایک نئے امن معاہدے پر پہنچنے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔ پیانگ یانگ اور سیئول کیجانب سے حالیہ گرمجوشی کے تناظر میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں کوریا باضابطہ امن معاہدہ اور جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک رکھنے کا سمجھوتہ کرلیتے ہیں تو اِس سے خطّے میں ایک نئے دور کا آغاز ہوسکتا ہے۔

لیکن بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا امن اور استحکام کی ٹھوس ضمانتوں کے بغیر کسی معاہدے یا سمجھوتے پر متفق ہونے سے گریز کرے گا اسلیے جنوبی اور شمالی کوریا سربراہ ملاقات اور اِس کے بعد کِم اور ٹرمپ سربراہ ملاقات دونوں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔