لاہور میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال، مُسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا سامنا

(لاہور-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 20 شوال 1439ھ) پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے شہر لاہور میں شدید بارش کے بعد نظامِ زندگی درہم برہم ہوجانے پر مُسلم لیگ ن کی قیادت کو عوام اور سیاسی رہنماؤں کیجانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن صوبہٴ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور مُسلم لیگ ن کے موجودہ سربراہ شہباز شریف اِس تنقید کو مُسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ نگراں حکومت سے پُوچھا جائے کہ بارش سے نبٹنے کیلئے انتظامات کیوں نہیں کیے گئے۔

لاہور میں شدید بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا
ن لیگی کارکنان لاہور میں شہباز شریف کا استقبال کرتے ہوئے
عمران خان کا دورہٴ لاہور، بارش سے نقصانات پر ن لیگ کیخلاف سخت ردعمل

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں بارش سے متاثرہ بعض علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر کہا ہے کہ پنجاب میں ساری ترقّی اشتہاروں میں ہے، شریف برادران نے عوام کے ٹیکس کا سارا پیسہ لوٹ لیا۔ اُنہوں نے بارش سے شدید متاثرہ شہر کی حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کو ہر سال ساڑھے 300 ارب کا بجٹ ملتا ہے لیکن پتہ نہیں یہ پیسہ کہاں گیا، پیرس میں بارش ہوتی ہے تو سڑکیں ڈوبتی نہیں ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران نے قرض لے کر اورنج ٹرین اور میٹرو بنائی، لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے سُنے تھے، شہباز شریف کہتے ہیں کراچی اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا، 635 ارب روپے بجٹ کا آدھا حصّہ لاہور پر خرچ ہوتا ہے، مگر عوام کے ٹیکس کا پیسہ رائیونڈ پر لگایا گیا۔ یاد رہے کہ رائیونڈ میں سابق وزیرِاعظم اور مُسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف کا محل نُما ذاتی گھر ہے جہاں ن لیگ کے دورِ حکومت ہی میں آمدورفت کیلئے شاندار سڑکیں بناکر علاقے کو ترقّی دی گئی تھی۔

دریں اثناء، لاہور کے ایک شہری محمد فیضان یاسین نے ٹوئیٹر پر سیلابی صورتحال والے اس شہر کی وڈیو ٹوئیٹر پر جاری کی ہے جس میں اُنہوں نے پاکستانیوں سے لاہور کے شہریوں کی اپیل کے عنوان سے کہا ہے کہ ’’ہمارے اُوپر اورنج ٹرین بنادی لیکن نیچے ہم ڈوب گئے، ہماری گاڑیاں، دکانیں وگھر ڈوب گئے، سڑکیں دھنس گئی ہیں، اس حال میں ہمارے بچّے امتحان دینے گئے، اب بھی خدا کا خوف کرلو، انہیں ووٹ نہ دینا‘‘۔

لاہور میں مال روڈ جیسے معروف علاقے سمیت درجنوں مقامات پر سڑکیں دھنس گئی ہیں جبکہ گھروں میں پانی گھس آیا ہے۔ کئی شہریوں نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف سے سوالات اُٹھائے ہیں کہ وہ لاہور شہر کو ترقّی دینے اور مثالی شہر بنانے کا دعویٰ ہرجگہ کرتے ہیں تو وہ اب بتائیں کہ لاہور کیوں بارش کے پانی میں ڈوب رہا ہے؟ اور گزشتہ 15 سال میں ایسا نظام کیوں نہیں بنایا گیا کہ شہر اور شہر کی سڑکیں بارش کے پانی میں نہ ڈوبیں؟

ٹوئیٹر پر اہلیانِ لاہور کیجانب سے جاری کردہ تصاویر اور وڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر، دکانوں اور عمارات میں پانی گھس آیا ہے، سڑکیں کٹ کٹ کر دھنس گئی ہیں، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قذافی اسٹیڈیم کا میدان پانی میں ڈوبا ہُوا ہے۔ ایک شہری نے اِن جُملوں کیساتھ ٹوئیٹ کی کہ ’’شہریوں کو عزت دو، پانی کو ڈیم دو‘‘۔ اِس میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور میں کارکردگی کا بھانڈا پھوٹ گیا۔