لارڈز ٹیسٹ، پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف عمدہ بلّے بازی، 8 وکٹوں پر 350 رنز بنالیے

(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 رمضان 1439ھ) انگلینڈ میں جاری لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے مجموعی طور پر 350 رنز بنالیے اور اُس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان کے بلّے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرے کرتے ہوئے عمدہ بلّے بازی کی۔ اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم اور شاداب خان نصف سینچریاں بنانے میں کامیاب رہے جنہوں نے بالترتیب 50، 59، 68 اور 52 رنز بنائے۔

بابر اعظم محتاط انداز میں بلّے بازی کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے لیکن 68 کے اسکور پر انگلش بالر اسٹوئرٹ براڈ کے ایک باؤنسر سے بچنے کی کوشش میں زخمی ہوجانے کی وجہ سے بلّے بازی جاری نہ رکھ سکے۔ تاہم اُنہوں نے دیگر بلّے بازوں کیساتھ ملکر پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف دورے کے پہلے ٹیسٹ میں ایک مستحکم اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلش بالر اُن سے کافی پریشان دکھائی دیتے تھے۔ ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ آیا بابر اعظم کھیل کے تیسرے روز بلّے بازی کرسکیں گے یا نہیں۔

لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلے دن کے اسکور 50 میں 300 رنز کا اضافہ کیا اور اس کی سات وکٹیں گریں۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 350 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ہے اور اُسے انگلینڈ پر 166 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ انگلش ٹیم ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان کے تیز رفتار بالروں کی جارحانہ بولنگ کی وجہ سے 184 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔  اس وقت لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کافی حد تک مستحکم حالت میں ہے۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی 170 سے 180 رنز کی برتری انگلینڈ کے بلّے بازوں پر یقینی نفسیاتی دباؤ ہوگی جو اپنی پہلی اننگز میں پاکستانی بالروں کے سامنے نہ جم سکے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم کو اُن کے اپنے میدان پر پہلے دن پاکستانی بالروں نے 184 رنز پر آؤٹ کیا اور دوسرے دن انگلش بالروں کیخلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان نے 300 رنز بناکر اپنا مجموعی اسکور 350 تک پہنچادیا ہے۔ اب لارڈز ٹیسٹ کافی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ تیسرے دن پاکستانی بالرز پہلے دن کی طرح انگلش بلّے بازوں پر حاوی ہوں سکیں گے یا نہیں۔