لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری ، خواتین سمیت آٹھ شہری زخمی

(مظفر آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ ۔ یکم فروری ۲۰۱۸)  آزاد جموں وکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی شدید گولہ باری کے نتیجے میں چار خواتین سمیت کم ازکم آٹھ شہری زخمی ہوگئے ہیں ۔

مقامی حکام کے مطابق صبح سویرے ضلع کوٹلی کے کھوئی رٹہ سیکٹر کے مختلف گاؤں میں بھارت کی جانب سے گولہ باری کی گئی ۔ مقامی لوگوں کیمطابق  یہ ہفتوں میں ہونے والی اب تک کی سب سے خطرناک گولہ باری تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس شدید گولہ باری میں بھارت کیجانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستانی اخبارات کی اطلاعات کیمطابق کوٹلی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے طبی افسر ڈاکٹر طارق محمود کا کہنا تھا ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے جبکہ باقی تمام زخمی افراد ضلعی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

گزشتہ سال سے آزاد جموں وکشمیر کے علاقے میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں میں نمایاں تیزی آئی ہے ۔ بھارتی افواج گولہ باری کے ذریعے عام شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اطلاعات کیمطابق پاک فوج کیجانب سے بھارتی گولہ باری کا موثر جواب دیا گیا ہے تاہم ابھی تک پاک فوج کے ذرائع نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اُدھر مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی تسلط کیخلاف مزاحمت زور پکڑرہی ہے جسے دبانے کیلئے بھارتی حکومت اور قابض افواج طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہیں جن میں کشمیری نوجوانوں کی بڑے پیمانے پربلاجواز گرفتاریاں شامل ہیں ۔