صدر ٹرمپ فلپائنی صدر روڈریگو کی راہ پر، منشیات فروشوں کیلئے سزائے موت کی تجویز دیدی

(نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 3 رجب 1439ھ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلپائن کے صدر روڈرِیگو دُوتیرتے کی راہ پر عمل کرتے ہوئے اپنے ملک میں منشیات کی روکتھام کیلئے منشیات فروشوں کیلئے سزائے موت کی تجویز دیدی ہے۔ وہ رہاست نیوہیمشائر میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

یاد رہے کہ فلپائن کے صدر روڈریگو نے اپنے ملک میں منشیات فروشوں اور نشہ کرنے والوں کیخلاف ایک سخت ترین مہم شروع کررکھی ہے جس میں مبینہ طور پر ہزاروں منشیات فروشوں اور نشہ کرنے والوں کو ہلاک اور ہزاروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اُنہیں اس سخت مہم پر ملکی اور بین بین الاقوامی تنقید کا بھی سامنا ہے لیکن وہ ملک سے منشیات کے خاتمے کیلئے ہر مخالفت کو رد کررہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ امریکہ میں 24 لاکھ افراد منشیات کے عادی ہیں جبکہ ڈاکٹر بھی درد وغیرہ سے نجات کیلئے نشہ آور ادویات تجویز کرتے ہیں۔ سعودی عرب، سنگاپور اور کئی دیگر ملکوں میں منشیات فروشی یا منشیات کی اسمگلنگ پر سزائے موت کا قانون ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات فروشی کے انسداد کیلئے ملکوں میں قوانین تو موجود ہے لیکن یہ ایک بڑا بین الاقوامی مسئلہ ہے جبکہ بہت سے غریب اور ترقّی پذیر ممالک میں یہ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے جہاں ہیروئن اور دیگر منشیات کا استعمال نوجوان نسل کو تباہ کررہا ہے۔