شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہٴ فرانس، یمن عالمی کانفرنس کے انعقاداور ایران کی توسیع پسندی روکنے پر اتفاق

(پیرس۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 25 رجب 1439ھ)  سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمانوئیل میکخواں نے ایران کی بیلسٹک میزائل تیار کرنے کی سرگرمی اور اُس کے توسیع پسندانہ عزائم کو قدغن لگانے کی ضرورت پر اتفاقِ رائے کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پیرس میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اخباری کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے زور دیا کہ ایرانی کے توسیع پسندانہ اقدامات روکنے کی ضرورت ہے۔ فرانسیسی صدرکا ایران سے متعلق کہنا تھا کہ ’ ہم ایسی کسی بیلسٹک سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے جس سے سعودی عرب کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوجائیں‘‘۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا فرانس کے ایوانِ صدر میں استقبال

قبل ازیں، فرانس کے ایوانِ صدر میں صدر میکخواں اور شہزادہ محمد بن سلمان کی تین گھٹہ طویل ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تجارتی تعاون کے فورغ اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ اطلاعات کیمطابق دونوں ملک ایک نئی تزویراتی دستاویز کی تیاری پر کام کررہے ہیں جس میں باہمی تعاون کے کئی سمجھوتے شامل ہیں۔

فرانس کے صدر نے یہ بھی بتایا کہ وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر رواں سال سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ اُنہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس اِسی سال موسم گرما میں یمن کیلئے پریس میں ایک امدادی کانفرنس منعقد کرے گا۔

اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور فرانس کے کئی شعبوں میں مفادات ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے اسلامی دنیا، عرب دنیا اور خلیجی ممالک میں مقام اور فرانس کے یورپ میں مقام کی وجہ سے دونوں ملکوں کے مابین سیاسی ہم آہنگی اور سیاسی عمل بہت اہم ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانس کے وزیراعظم، وزیر دفاع اور دیگراعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کی۔ یاد رہے کہ فرانس سے قبل وہ مصر، برطانیہ اور امریکہ کا دور کرچکے ہیں۔