شاہ سلمان کی غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی حالیہ ہلاکتوں کی مذمّت

(ریاض۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 01 رمضان 1439ھ) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتّے فلسطینیوں کی حالیہ ہلاکتوں کی سخت الفاط میں مذمّت کی ہے اور فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے کیمطابق شاہ سلمان نے فلسطین کے صدر محمود عبّاس کو ٹیلیفون کیا جس میں اُنہوں نے نہتّے فلسطینیوں کیخلاف قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت جس سے لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے اُس کی مملکت کیجانب سے مذمّت کی۔

صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطے میں شاہ سلمان نے شہداء کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اُنہوں نے یہ باور کرواتے ہوئے کہ مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں سعودی عرب کا موقف ثابت قدمی پر مبنی ہے، واضح کیا کہ سعودی عرب بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق فلسطینیوں کے قانونی حقوق واپس دلانے کے حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

بیان کیمطابق شاہ سلمان نے زور دیا کہ فلسطینیوں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں رکوانے کیلئے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے صدر محمود عبّاس کو بتایا کہ مملکتِ سعودی عرب، عرب لیگ کے وزراء خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کرتی ہے تا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے مطلوبہ اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب میں فلسطین کے صدر محمود عباس نے خادم حرمین شریفین کے گراں قدر جذبات پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب کے عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت کو خراج تحسین پیش کیا۔