سمندر پار پاکستانی ضمنی انتخابات میں اپنا ووٹ آن لائن ڈال سکتے ہیں: انتخابی کمیشن

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ21ذوالحجہ1439ھ)  پاکستان کے انتخابی کمیشن (الیکشن کمیشن آف پاکستان) کے اعلان کیمطابق سمندر پار پاکستانی رواں سال مورخہ 14 اکتوبر کو منعقد ہونے والے قومی وصوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں اپنا ووٹ آن لائن ڈال سکتے ہیں جس کیلئے تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔

انتخابی کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ وہ سمندرپار پاکستانی جن کا تعلق ان حلقوں سے ہے جہاں ضمنی انتخاب منعقد ہونا ہے وہ مورخہ 14 اکتوبر کو انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا ووٹ آن لائن ڈال سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر صرف انگریزی میں معلومات دستیاب ہیں جبکہ قومی زبان اُردو میں کوئی معلومات دستیاب نہیں، تاہم سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ووٹ کا اندراج کروانے اور ووٹ ڈالنے کیلئے جو ویب سائٹ متعارف کروائی گئی ہے اُس میں اُردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں معلومات اور طریقہٴ کار موجود ہیں جس کا پتہ ذیل میں درج ہے۔ https://www.overseasvoting.gov.pk

سمندر پار پاکستانی مذکورہ ویب سائٹ پر اپنا اندراج کرواسکتے ہیں۔ بیرونِ ملک مقیم صرف وہ پاکستانی ووٹ دے سکیں گے جن کا اندراج ہوچکا ہوگا۔ رائے دہندہ کے طور پر اندراج کروانے کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے مخصوص قومی شناختی کارڈ نِیکوپ NICOP، مشین ریڈیبل پاسپورٹ اور کارآمد ای میل ایڈریس کا ہونا لازمی ہے۔

سمندر پار مقیم پاکستانی رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے آن لائن اپنا اندراج کرواسکتے ہیں جس کا عمل 31 اگست سے شروع ہوگیا ہے اور 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے اُن کے حلقہ نمبر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

انتخابی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ معلومات کیمطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمپیوٹر، اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے مخصوص ویب سائٹ پر جا کر اپنا ووٹ ڈال سکیں گے۔ اِس کیلئے ضروری ہے ہے کہ آپ مذکورہ ویب سائٹ پر رسائی کے بعد اپنے شناختی کارڈ کے نمبر اور پتے کے ذریعے داخل ہوں اور اپنے ای میل پر آنے والے کوڈ یعنی مخصوص نمبر کے ذریعے اپنی تصدیق کروائیں گے۔سب سے پہلے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ضروری ہے کہ ووٹر یعنی رائے دہندہ ہونے کی تصدیق کیلئے وہ  https://www.overseasvoting.gov.pk  پر جائیں اور دی گئی معلومات اور طریقہ کار کیمطابق تصدیق کریں۔

بیرونِ ملک سے آن لائن ووٹ ڈالنے کے مجاز پاکستانیوں کے لیے ووٹ ڈالنے کا وقت پاکستان کے معیاری وقت کے صبح آٹھ  بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگا۔ اِس مقررہ وقت سے قبل یا بعد میں ووٹ نہیں ڈالا جاسکے گا۔

یاد رہے کہ 14 اکتوبرکو قومی وصوبائی اسمبلی کے مجموعی طور پر 14 حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے۔

پرانے اور غیر اپ ڈیٹ براؤزرزسے رسائی میں مشکل پیش آسکتی ہے

احتیاط: ووٹ کے اندراج اور ووٹ ڈالنے کیلئے مذکورہ ویب سائٹ پر رسائی کیلئے ضروری ہے کہ آپ کا براؤزر فرسودہ نہ ہو اور اپ ڈیٹ کردہ ہو۔ انٹرنیٹ ایسکپلورر، ایپل سفاری یا موزیلا فائرفاکس براؤزر پُرانا یا اپ ڈیٹ شُدہ نہ ہونے کی صورت میں آپ رسائی میں دشواری کا سامنا بھی کرسکتے ہیں۔ تاہم براؤزر گوگل کروم پُرانا ہونے کی صورت میں بھی اس وقت مشکل پیش نہیں آرہی۔ بہتر ہے کہ احتیاطی طور پر آپ اپنے نام کا اندراج جلد از جلد کروالیں۔