سابق منصف اعلیٰ ناصرالملک پاکستان کے نگراں وزیراعظم بن گئے

(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 رمضان 1439ھ) سابق منصفِ اعلیٰ (ر) ناصر الملک پاکستان کے ساتویں نگراں وزیراعظم بن گئے ہیں۔ ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ پاکستان ممنون حسین نے اُن سے حلف لیا ہے۔ اس تقریب میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عبّاسی، پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، ایوانِ بالا کے چیئرمین اور چاروں صوبوں کے گورنروں سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کو مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں اُنہوں نے ایوانِ وزیراعظم میں اہم شخصیات سے ملاقات بھی کی۔ نگراں وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف انتخابات اُن کی اولین ترجیح ہیں اور وہ ذمہ داری کے مطابق فرائض انجام دیں گے۔

یاد رہے کہ کل جمعرات کی شب 12 بجے وفاقی حکومت کی 5 سالہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد قومی اسمبلی کو تحلیل کردیا گیا تھا اور شاہد خاقان عباسی بطور اٹھارویں منتخب وزیراعظم 10 ماہ خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

پاکستان کی گزشتہ 71 سالہ تاریخ میں دوسری مرتبہ کسی منتخب حکومت نے اپنی پانچ سالہ مُدّت مکمل کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 2008ء سے 2013ء اور پھر مسلم لیگ ن نے 2013ء سے مئی 2018ء تک اپنی مدّت پوری کی۔ 

پاکستان کے انتخابی کمیشن کے اعلان کیمطابق ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے۔