جنوبی کوریا میں ڈاکٹروں کی ماہانہ آمدنی عام کارکنان کے مقابلے میں پانچ گُنا

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 28 جمادی الثانی 1439ھ)  جنوبی کوریا کی وزارتِ صحت اور بہبود کیمطابق ملک میں سال 2016ء کے دوران ڈاکٹروں کی اوسط ماہانہ آمدنی تقریبا ایک کروڑ 30 لاکھ وون یعنی لگ بھگ 12 ہزار 220 امریکی ڈالر سے زیادہ تھی جو کہ ایک سال میں ایک لاکھ 46 ہزار 640 ڈالربنتی ہے۔  یہ رقم عام کارکنان کی سالانہ آمدنی کے مقابلے میں تقریباٴ 4.6 گُنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 100 بستروں سے کم کے چھوٹے اور درمیانہ گنجائش والے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی آمدنی اکثروبیشتر سب سے زیادہ رہی جن کی ماہانہ آمدنی ایک کروڑ 96 لاکھ وون یعنی تقریبا 18 ہزار 480 ڈالر سے زیادہ رہی ۔

لیکن بڑے عام ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی اوسط ماہانہ آمدنی عمومی اندازے کے برخلاف 86 لاکھ 70 ہزار وون یعنی تقریبا 8 ہزار 149 ڈالر تھی تاہم 500 سے زیادہ بستروں والے ہسپتال کے ڈاکٹروں کی آمدنی اس سے کچھ زیادہ لگ بھگ 8663 ڈالر تھی۔

جنوبی کوریا میں ڈاکٹروں کے مقابلے میں عام کارکنان کی 2016ء میں آمدنی 28 لاکھ 10 ہزار وون یعنی تقریبا 2 ہزار 641 ڈالر تھی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صرف 18.2 فیصد ڈاکٹروں نے ہفتے میں پانچ دن کام کیا جبکہ 66.5 فیصد نے ہفتے میں چھ دن اور 15.3 فیصد ڈاکٹروں نے روزانہ کام کیا۔ ڈاکٹروں کی طرف سے یہ شکایات بھی سامنے آئیں کہ وہ ترقّی یافتہ ملکوں کے ڈاکٹروں کے مقابلے میں زیادہ گھنٹے کام کرتے ہیں۔