جنوبی کوریائی صدر کیجانب سے شمالی کوریائی رہنماء کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 شعبان 1439ھ)  جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اُن نے شمالی کوریائی رہنماء کِم جونگ اُن سے سربراہ ملاقات کے اختتام پر جمعے کی شب اُن کے اعزاز میں ایک پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا جس میں کِم کی اہلیہ اور چھوٹی بہن نے بھی شرکت کی۔ صدر مُن کی اہلیہ بھی اِس عشائیے میں شریک تھیں۔

پورے دن کی مصروفیات اور دونوں رہنماؤں کے مذاکرات کے بعد اِس عشائیے میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ سربراہ ملاقات کے اختتام پر منعقدہ اِس سرکاری عشائیے کا ماحول جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ کیمطابق انتہائی خوشگوار اور اطمینان بخش تھا جس سے پتہ چلتا ہے کہ سیئول اور پیانگ یانگ کے قائدین نے دوطرفہ تعلقات میں ایک بڑی پیشرفت کی ہے۔

مُن جے اِن اور کِم جونگ اُن نے تاریخی سربراہ ملاقات کے موقع پر صنوبر کا درخت لگایا

قبل ازیں، دوپہر میں مذاکرات کے دوسرے دور سے پہلے صدر مُن اور رہنماء کِم نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی حد بندی خط کے نزدیک راستے پر صنوبر کا ایک بڑا درخت بھی لگایا۔ اِس درخت کو لگانے کیلئے اُنہوں نے دونوں ملکوں کی مٹّی اور پانی استعمال کیا جس کا بظاہر مقصد اِس بات کو اُجاگر کرنا ہے کہ دونوں کوریا اور کوریائی عوام ایک ہیں۔

جمعہ کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب جب کِم جونگ اُن دونوں ملکوں کے سرحدی حد بندی خط پر پہنچے تو جنوبی کوریائی صدر مُن جے اِن نے اُن کا گرمجوش خیرمقدم کیا۔ جنوبی کوریائی ٹی وی چینلز جمعہ کے روز پورے دن پن مُنجوم سے صورتحال کو براہِ راست نشر کرتے رہے جبکہ عالمی ذرائع ابلاغ نے بھی اِس تاریخی سربرا ملاقات کی خبروں کو مسلسل نشر اور جاری کیا۔