ایرانی جوہری منصوبہ، اسرائیلی فائلیں حقیقی اور مُصدقہ ہیں: مائیک پومپیئو

(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 شعبان 1439ھ) امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیئو نے اسرائیلی وزیراعظم کیجانب سے مبینہ انکشاف کردہ دستاویزات کو درست قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ  اسرائیلی دستاویزات حقیقی اور مصدقہ ہیں جبکہ اِن کا بڑا حصّہ امریکی ماہرین کیلئے نیا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ ایران کے جوہری منصوبے پر سمجھوتے کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدگی سے کام کیا جارہا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کیجانب سے دستاویزات کے حالیہ انکشاف کے بعد وہائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی معلومات اس حوالے سے نئی اور قائل کرنے والی تفصیلات فراہم کرتی ہیں کہ ایران میزائلوں کے ذریعے استعمال کیے جاسکنے والے جوہری ہتھیار بنانے کی کوششیں کررہا ہے۔

دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری پر کام کررہا ہے اور اُس کیخلاف ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری سمجھوتے پر 12 مئی سے قبل فیصلہ کریں گے۔

اُدھر ایران نے اسرائیل وزیراعظم بینجمن نتن یاہُو کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مُسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ ایران کا کوئی خفیہ جوہری منصوبہ نہیں۔ ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے نتن یاہُو کو ’’جھوٹا چرواہا‘‘ قرار دیا ہے۔ ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ’جھوٹے چرواہے نے 12 مئی سے چندروز قبل اپنے دعوے پیش کیے ہیں۔

جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوہری سمجھوتے کو منسوخ کرنے کیلئے پرانے الزامات دہرارہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پہلے ہی ان دعوؤں کی تحقیق کرچکی ہے۔