اسلامی تعاون تنظیم کا مالدیپ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار

(جدہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 7 فروری 2018) اسلامی تعاون تنظیم، او آئی سی نے مالدیپ کے سیاسی بحران اور موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب کے جدہ میں قائم تنظیم کے صدر دفتر سے جاریکردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مالدیپ میں جو حالیہ سیاسی پیشرفت ہورہی اُس پر اسلامی تعاون تنظیم نے گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور اُسے تنظیم کے اس رکن ملک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے ۔

اسلامی تعاون تنظیم نے کسی بھی ناگوار واقعے سے بچنے کیلئے جو امن و استحکام کو نقصان پہنچاسکتا ہو قانون کے احترام، عدلیہ کی آزادی اور ملک کے مفاد کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تنظیم نے مالدیپ کے آئین کیمطابق حالیہ سیاسی بحران کو پرامن انداز میں حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مالدیپ کے سیاسی بحران میں بھارت جیسی علاقائی اور امریکہ جیسی عالمی طاقتوں کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کئی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بھارت نے علاقائی اجارہ داری کیلئے مالدیپ میں غیر آئینی سیاسی بحران کو ہوا دی ہے۔