(بیجنگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 4 جمادی الثانی 1439ھ) چین میں قمری سالِ نو کی ہفتہ بھر طویل تعطیلات کے دوران ابتدائی چار دنوں میں 28 کروڑ 70 لاکھ سیاحوں نے ملک بھر میں سفر کیا ہے جبکہ لاکھوں چینی باشندے یہ تعطیلات منانے کیلئے بیرونِ ملک بھی گئے ہیں۔ قمری سالِ نو کے موقع پر چین میں موسمِ بہار کا میلہ ہوتا ہے۔
رواں سال قمری سالِ نو کی یہ تعطیلات 16 فروری سے 22 فروری تک ہیں۔ چین کی قومی سیاحتی انتظامیہ کیجانب سے جاریکردہ اعدادوشمار کیمطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال ابتدائی چار دنوں میں ملک کے اندر سفر کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں 11.1 اضافہ ہوا ہے جبکہ سیاحت سے ہونے والی آمدنی 11.6 فیصد اضافے کیساتھ 55 ارب 61 کروڑ تک پہنچ گئی۔
چین کی سیاحتی انتظامیہ کیمطابق صرف اتوار کے روز سات کروڑ 30 لاکھ سیاحوں نے ملک بھر میں دورے کیے جو کہ 15.3 فیصد اضافہ ہے جس سے آمدنی میں بھی 16.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
لاکھوں چینی باشندے قمری سالِ نو کی تعطیلات منانے کیلئے کوریا، جاپان، ملائشیاء اور دیگر ملکوں کا دورہ کرتے ہیں جبکہ کئی ممالک میں چین کے قمری سال کی مناسبت سے تہوار بھی منائے جاتے ہیں جن میں وہاں بسنے والے چینی باشندے اور چین سے آنے والے سیاح شرکت کرتے ہیں۔
قمری سالِ نو کی تعطیلات منانے کیلئے بیرونِ ملک جانے والے چینی باشندے اپنے سفر، سیروتفریح اور خریداری پر کروڑوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔
یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ چینی قمری سال کی اہم تعطیلات کے موقع پر کتنے چینی باشندے پاکستان کا دورہ کرتے ہیں یا رواں سال چین کی ان اہم تعطیلات کے دوران کتنے چینی سیاحوں کا پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔۔ پاکستان سیاحت ترقیات کارپوریشن جو کہ سرکاری ادارہ ہے اُس پر پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی یا دیگر ملکوں کے سیاحوں کی تعداد سے متعلق کوئی اعدادوشمار دستیاب نہیں اور نہ ہی قومی زبان اُردومیں کوئی معلومات دستیاب ہیں۔