(شی چانگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 شعبان 1439ھ) چین نے ایک نیا مواصلاتی مصنوعی سیارہ مدار میں بھیج دیا ہے۔ چین کے سرکاری خبررساں ادارے شِن ہُوا کیمطابق نیا مواصلاتی مصنوعی سیارہ APSTAR-6Cجمعہ کے روز مقامی وقت دن کے 12 بجکر 6 منٹ پر جنوب مغربی شی چانگ خلائی مرکز کے راکٹ داغے جانے کے مقام سے چھوڑا گیا۔
یہ نیا مصنوعی سیارہ طویل فاصلے تک جانے والے 3Bراکٹ کے ذریعے بھیجا گیا ہے اور یہ اِس راکٹ سلسلے کا 273 واں مِشن تھا۔ نیا مصنوعی سیارہ اور راکٹ دونوں کو چائنا ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔
شِن ہُوا کیمطابق اِس مصنوعی سیارے کا استعمال کنندہ ہانگ کانگ میں قائم اے پی ٹی سیٹلائٹ کمپنی لمیٹڈ ہے۔ چھوڑا گیا مصنوعی سیارہ ایشیاء-بحرالکاہل خطّے میں صارفین کو ٹی وی نشریات، مواصلات، انٹرنیٹ اور ملٹی میڈیا سہولیات فراہم کرے گا۔
مصنوعی سیارے مدار یا خلاء میں بھیجنے کی منڈی میں عالمی مسابقت جاری ہے۔ چین اس شعبے میں تیزی کیساتھ ترقّی کررہا ہے۔ چین رواں سال جُون میں پاکستان کے دو مصنوعی سیارےPRS یعنی پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ داغے گا جنہیں تجارتی طور پر ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ نظام کہا جاتا ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل