(کراچی-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 20 شوال 1439ھ) پاکستان کے صوبہٴ پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں گزشتہ دو روز کی طوفانی بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس پر اس شہر کی سابق حکمراں جماعت مُسلم لیگ ن جو مسلسل لگ بھگ 15 سال سے اس شہرپر حکمرانی کرتی رہی ہے، سخت تنقید کی زد میں ہے۔ لاہور کو پاکستان مُسلم لیگ ن کا گڑھ بھی سمجھا جاتا ہے۔

لاہور شہر ہر طرف سے پانی پانی نظرآتا ہے اور اس منظر کو ٹی وی پر دیکھنے والے کراچی کے شہریوں کے بھی کان کھڑے ہوگئے ہیں کیونکہ گزشتہ ہفتے اپنے دورہٴ کراچی میں پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور مُسلم لیگ ن کے موجودہ صدر شہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد کراچی کو لاہور بنادیں گے۔ کراچی کے ایک شہری عبدالعزیز نے اُردونیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عام انتخابات ’’وعدوں کی منڈی‘‘ ہوتے ہیں اور چونکہ پاکستان میں سیاسی احتساب کا کوئی طے شُدہ معیار نہیں ہے اسلیے ہر سیاستدان عام انتخابات میں ہر وہ وعدہ کرتا ہے جو عوام چاہتے ہوں۔
