پاکستان نے آسٹریلیاء کو ہراکر تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی، فخر زمان کی عمدہ بلّے بازی

(ہرارے-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 25 شوال 1439ھ) زمبابوے کے شہر ہرارے میں پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل آسٹریلیاء کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر شاندار کامیابی حاصل کرنے کیساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ میں اپنا پہلا نمبر مزید مستحکم کرلیا ہے۔

اس میچ میں آسٹریلیاء کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاسک جیت کر پہلے خود بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ رنز بناکر پاکستان کو ایک بڑا ہدف دیا جاسکے۔ اُن کی ٹیم نے مستحکم انداز میں آغاز کرنے کے بعد 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 183 رنز بنائے جو بظاہر ایک اچھّا اسکور تھا۔ اس میں فنچ کے 47 رنز شامل ہیں۔ پاکستان کی طرف سے نمایاں بالر محمد عامر رہے جنہوں ںے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے 2،  حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

آسٹریلیاء کے 183 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی بلّے بازی شروع کی تو پہلے ہی اوور میں اُس کی 2 وکٹیں گرگئیں اور حسبِ معمول ابتدائی بلّے بازوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پاکستان دباؤ میں آگیا۔ آؤٹ ہونے والے صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ گرنے پر کپتان سرفراز احمد بلّے بازی کرنے آئے اور اُنہوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 رنز بنائے لیکن ٹیم کے مجموعی اسکور 47 پر وہ آؤٹ ہونے والے تیسرے بلّے باز تھے۔ اُنہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکّا لگایا۔

اس کے بعد شعیب ملک کھیلنے آئے جنہوں نے فخر زمان کیساتھ چوتھی وکٹ کی شراکتدار میں 107 رنز بنائے۔ فخر زمان  12 چوکوں اور 3 چھکّوں کی مدد سے جارحانہ بلّے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور 9 رنز کی کمی سے اپنی سینچری مکمل نہ کرسکے لیکن اُنہوں نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ایک مرتبہ پھر اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

شعیب ملک 43 اور آصف علی 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے 19.2 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بناکر یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس میچ میں پاکستان نے اپنی ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا ہدف 2012 کے عالمی ٹی ٹوئنٹی کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف 176 رنز عبور کیا تھا۔

اب پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں اپنے پہلے نمبر کو مزید مستحکم کرلیا ہے اور اس درجہ بندی میں اس وقت دنیا کی اوّل ٹیم ہے۔ آسٹریلیاء کو شکست دیکر شاندار طریقے سے یہ تین ملکی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر کپتان سرفراز احمد اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے مسرّت کا اظہار کیا اور فخرزمان کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قراردیے جانے پر مبارکباد دی۔