پاکستان بھر میں یوم پاکستان روایتی جوش وخروش کیساتھ منایا گیا

(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 7 رجب 1439ھ)  پاکستان بھر میں 23 مارچ یومِ پاکستان کو روایتی جوش وخروش اور وطن کو عظیم تر بنانے کے عزم کیساتھ منایا گیا۔ دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ بیرونِ ملک پاکستان کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں بھی یومِ پاکستان کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی یومِ پاکستان کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

 

صدر ممنون حسین نے یومِ پاکستان کی تقریب میں سری لنکا کے صدر کا استقبال کیا
متحدہ عرب امارات میں سفیر پاکستان نے یومِ آزادی کی سالگرہ کا کیک کاٹا
ٹوکیو میں یومِ پاکستان کی تقریب کے موقع پر سفیر پاکستان اسد مجید خان خطاب کرتے ہوئے

یوم پاکستان کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں صبح 9 بجے شروع ہوئی، جس میں مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آپاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان اور وزیرِ دفاع جہانگیر دستگیر سمیت ارکینِ پارلیمان اور دیگر رہنماؤں ومہمانوں نے شرکت کی جن میں سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نمایاں شخصیت تھے۔

چین کے اشتراک سے پاکستان میں تیار کیے گئے جے ایف -17 تھنڈر طیارے سمیت ایف 16، میراج اور دیگر لڑاکا طیاروں نے یومِ پاکستان کے موقع پر شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا۔

اِس سال یومِ پاکستان کی تقریب میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے برّی، فضائی اور بحری دستے نے بھی شرکت کی اور شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ ترکی اور اُردن کے دستوں نے بھی پریڈ میں حصّہ لیا۔

یومِ پاکستان کی تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس دن ہمارے بزرگوں نے ایک جدید اور جمہوری ملک بنانے کا عزم کیا۔ اُنہوں نے یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ بعض طاقتوں کی جانب سے خطے میں دہشت گردی کو ہوا دینے کا عمل جاری ہے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشتگردوں کے خلاف غیر معمولی قربانی دیں اور اِسی تناظر میں امن وامان کی بحالی میں قربانیاں دینے والوں کے لیے تمغہٴ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے تحت دہشتگردی کا مقابلہ بڑی جدوجہد سے کیا

صدرِ ممنون حسین نے کہا کہ ہم خواب کو حقیقت بنانے کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ساتھ ہی اس یوم پاکستان کی پریڈ میں ترکی، متحدہ عرب امارات اور اُردن کے دستوں کی موجودگی پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر اُنہوں نے بھارت کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کردے کیونکہ آزادی کی تحریک کو ظلم سے نہیں دبایا جاسکتا۔