(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ03ذوالحجہ1439ھ) ٹوکیو کے مشہور وینو پارک میں جاری پاکستان-جاپان دوستی میلہ 2018ء کے چوتھےدن، پیر کے روز بھی بہت بڑی تعداد میں پاکستانیوں، جاپانیوں اور دیگر غیرملکیوں نے شرکت کی۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب شدید بارش بھی ہوئی جس کی وجہ سے 30 منٹ کیلئے اسٹیج کے پروگرام روکنے پڑے لیکن اس کے باوجود شائقین اور جاپانی گلوکاراؤں کے گروپوں اور انتظامیہ کے جوش وخروش میں کوئی کمی نہیں آئی۔
صبح ہی سے ٹوکیو میں شدید گرمی تھی جبکہ دوپہر کا گرمی کی شدّت کے ساتھ ساتھ حبس بھی تھا لیکن پھر بھی لوگ بڑی تعداد میں میلے میں آتے رہے۔ اتوار کے مقابلے میں پیر کے روز شرکاء کی تعداد کچھ کم تھی لیکن اسٹیج کے پروگراموں کی گرمجوشی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ شدید بارش سے پہلے اور بارش کے بعد بھی نوجوان جاپانی گلوکاراؤں نے سماں باندھے رکھا اور وینو پارک موسیقی کی دھنوں اور والہانہ رقص کرنے والوں کی آوازوں سے گونجتا رہا۔
پاکستان-جاپان دوستی میلہ 2018ء چوتھا دن
1 آف 23
کُونو 1 نامی گروپ کی دو گلوکاراؤں نے رقص کیساتھ گیت پیش کیے اور موسلا دھار بارش و بجلی کڑکنے کے باوجود اسٹیج کے سامنے موجود رہنے والے پرجوش شائقین کے دل گرمادیے۔ اِس گروپ کے بانی سربراہ آکیجی فُکودا کا کہنا تھا کہ اُن کی ٹیم ملائیشیاء اور تائیوان سمیت کئی ایشیائی ممالک میں جاکر وہاں اپنے پروگرام کرچکے ہیں اور بہت جلد پاکستان بھی جانا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ اور اُن کا گروپ پاکستان جانے میں انتہائی سنجیدہ ہیں اور پاکستانی لوگوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان-جاپان دوستی میلہ 2018، چوتھا دن
1 آف 14