وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ شاہد ندیم جاپان پہنچ گئے
سینکڑوں پاکستانی استقبال کیلیے ناریتا ہوائی اڈے پہنچ گئے، پُرتپاک خیرمقدم
شہزاد بہلم، میاں عاصم رضا اور محبوب خان نے گلدستے پیش کر کے مبارکباد دی
جاپانی ویزہ کیلیے پاکستانیوں کی مشکلات سے جاپانی سفیر کو آگاہ کر دیا: حافظ شاہد
(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 اکتوبر 2024) وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کے حال ہی میں خصوصی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر کیے گئے حافظ شاہد ندیم جاپان پہنچ گئے ہیں۔ جاپان کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں پاکستانی اُن کا استقبال کرنے کیلیے ٹوکیو کے ناریتا ہوائی اڈے پر پہنچے۔ حافظ شاہد ندیم جاپان میں گزشتہ 25 سالوں سے مقیم ہیں اور جاپان میں گاڑیوں کے کاروبار کی معروف اور ممتاز پاکستانی شخصیت ہیں۔ وہ سماجی کاموں میں بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں اور اپنی انہی خدمات کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی کی ہردلعزیز شخصیت ہیں۔
پاکستان ایسوسی ایشن جاپان منتخبہ کے صدر شہزاد علی بہلم، سینئیر نائب صدر اور صدر شہزاد بہلم کے چیف ایڈوائزر میاں عاصم رضا اور سینئر نائب صدر محبوب علی خان بڑی تعداد میں احباب کے ساتھ حافظ شاہد ندیم کا استقبال کرنے کیلیے ناریتا ہوائی اڈے پہنچے۔ ان تینوں شخصیات نے جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے گلدستے پیش کر کے حافظ شاہد ندیم کو وزیراعظم پاکستان کا خصوصی مشیر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ٹوکیو، توچگی، اِباراکی، چیبا، کاناگاوا، گنما اور دیگر علاقوں سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے ناریتا ہوائی اڈے پر اُن کا گرمجوش استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔ ناریتا ہوائی اڈے پرحافظ شاہد کا کمیوٹی کی اہم کاروباری و سماجی شخصیات نے استقبال کیا جن میں شمشاد خان، نثار چیمہ، چوہدری عثمان، چوہدری زاہد گجر، چوہدری احسان گجر، شفقت بٹ، میاں ناصر، تنویر جعفری، محمد اقبال اور چوہدری ریاض شامل ہیں۔
اس موقع پر شہزاد علی بہلم نے کہا کہ پہلی مرتبہ جاپان میں مقیم کسی پاکستانی کو وزیراعظم کا خصوصی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر کیا گیا ہے جو جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کیلیے انتہائی خوشی اور فخر کی بات ہے اور ہم سب حافظ شاہد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حافظ شاہد صاحب کو اہم ذمہ داری دی گئی ہے لیکن یہ جاپان میں پہلے ہی پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرتے رہے ہیں اور ہمیشہ پاکستان ایسوسی ایشن جاپان منتخبہ کا ساتھ دیا ہے۔ شاہد بہلم نے کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن اور جاپان میں پاکستانی کمیونٹی حافظ شاہد صاحب کا بھرپور ساتھ دیں گے اور اُمید ہے کہ حافظ صاحب جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں مدد دیں گے۔
حافظ شاہد نعیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور حکومت اس سلسلے میں کئی اہم اقدامات کر رہی ہے۔ حافظ شاہد نے بتایا کہ وزیر اعظم کا خصوصی مشیر مقرر کیے جانے کے بعد اُنہوں ںے اسلام آباد میں جاپان کے سفیر سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے جاپان کے ویزہ کے حصول میں پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے جاپانی سفیر کو آگاہ کیا اور زور دیا کہ درپیش مشکلات کو فوری حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ حافظ شاہد نے کہا کہ اُنہوں نے جاپانی سفیر سے درخواست کی کہ جاپان میں پاکستانیوں کی کمپنیوں میں جن ہُنرمندوں کی ضرورت ہے اُن کے ویزے جلد از جلد جاری کیے جائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت جاپان آئے اور اس سلسلے میں جاپانی سفیر سمیت دیگر سطحوں پر بھی کاوشوں کو تیز کیا جائے گا۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ عنقریب چین اور مشرقِ وسطیٰ کے دورے پر جائیں گے اور وہاں کی پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
حافظ شاہد نے بتایا کہ مُسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے اُن پر اعتماد کیا اور وزیر اعظم کے خصوصی مشیر کی اہم ذمہ اُنہیں سونپی گئی ہے جسے نبھانے کیلیے وہ ہرممکن کوشش کریں گے۔
حافظ شاہد ندیم ٖپراعلانیہ طور پر جاپان واپس آئے ہیں لیکن اس کے باوجود اُن کا استقبال کرنے کیلیے سینکڑوں پاکستانی ٹوکیو کے ناریتا ہوائی اڈے پہنچ گئے۔ شہزاد علی بہلم اور میاں عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حافظ شاہد ندیم کے استقبال کیلیے جتنے پاکستانی ناریتا ہوائی اڈے پہنچے اس کی مثال نہیں ملتی کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں تو لوگ کبھی کسی پاکستانی وزیر اعظم یا وزیر خارجہ کے استقبال کیلیے ناریتا ہوائی اڈے نہیں پہنچے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حافظ شاہد ندیم جاپان میں ہردلعیز شخصیت ہیں اور لوگوں کو یقین ہے کہ وہ پاکستان اور پاکستانیوں کیلیے شاندار خدمات انجام دیں گے۔