وزیراعظم پاکستان کا دورہٴ افغانستان، افغان عوام کیلئے 40 ہزار ٹن گندم کا تحفہ، محصولات ختم

(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 21 رجب 1439ھ)  پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عبّاسی نے افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر وزیرِ خارجہ خواجہ آصف سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ افغانستان کا دورہ کیا ہے۔ اِس دورے کے بعد حکومتِ پاکستان کیجانب سے جاریکردہ بیان کیمطابق وزیراعظم عبّاسی نے افغان صدر کیساتھ افغانستان کے امن عمل، انسدادِ دہشتگردی، باہمی تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت وسیع اُمور پر تبادلہٴ خیال کیا جن میں دونوں ملکوں کے مابین تجارت بھی شامل ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عبّاسی کا کابل کے صدارتی محل میں استقبال

سرکاری بیان کیمطابق وزیراعظم عبّاسی نےافغان صدر سے کابل کے صدارتی محل میں علیحدہ ملاقات کی جس میں افغانستان میں امن ومفاہمت، انسداد دہشتگردی، افغان مہاجرین کی پاکستان سے واپسی، دوطرفہ تجارت اور علاقائی روابط سمیت پاکستان اور افغان کے تعلقات کا ہر سطح پر جائزہ لیا گیا۔ اُنہوں نے افغانستان میں امن اور مصالحت کی حکمتِ عملی اور طالبان کو امن مذاکرات کی پیشکش پر افغان صدر کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ امن کی اس پیشکش کا مثبت جواب دیں اور مزید تاخیر کیے امن عمل کا حصہ بنیں۔

اس موقع دونوں رہنماؤں نے یہ اتفاق بھی کیا کہ امن اور یکجہتی کے لیے افغانستان۔پاکستان عملی منصوبہ دوطرفہ دلچسپی کے تمام مسائل کے حل کیلئے کارآمد ڈھانچہ فراہم کرتا ہے جبکہ کے تحت پانچ عملی گروپوں کو سرگرم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اُنہوں نے دوطرفہ اور راہداری تجارت کے تمام مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے اور سیاست کو اقتصادی تعلقات پر اثرانداز نہ ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ دہشتگردی دونوں ممالک کے لیے مشترکہ دشمن اور خطرہ ہے۔ مزید برآں، اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف غیر ریاستی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ 

بعد ازاں، دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف سمیت دونوں جانب کے اعلیٰ سطحی عہدیدار شریک ہوئے۔

وزیرِاعظم عبّاسی نے افغانستان کے عوام کے لیے 40 ہزار ٹن گندم بطور تحفہ دینے اور افغان معیشت کو سہارا دینے کیلئے افغانی مصنوعات پر عائد اضافی محصولات بھی ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اُنہوں نے اپنے دورے میں افغانستان کے اعلیٰ انتظامی عہدیدار عبداللہ عبداللہ، حزبِ اسلامی کے قائد گلبدین حکمت یار، حزبِ وحدت کے رہنما اُستاد محمد محقق، اُستاد محمد کریم خلیلی سمیت دیگر افغان رہنماؤں اور عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔