(نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 2 شعبان 1439ھ) تنازعات کے دوران جنسی استحصال کی روکتھام پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والی کھلی بحث کے دوران میانمار میں انسانی حقوق کی علمبردار وکیل رضیہ سلطانہ نے کہا ہے کہ ریاست رخائن میں میانمار کی فوج نے خواتین کیساتھ جنسی زیادتیاں کیں لیکن سلامتی کونسل پناہ گزینوں کا بحران روکنے میں ناکام رہی۔
اُنہوں نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کیخلاف ظلم و زیادتیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں جہاں سے آئی ہوں وہاں میانمار کی فوج نے صرف اس وجہ سے خواتین اور لڑکیوں سے جنسی زیادتی، اجتماعی جنسی زیادتی، تشدّد اور قتل کیے کہ وہ روہنگیا ہیں۔ وکیل رضیہ سلطانہ غیر سرکاری تنظیموں کیجانب سے اجلاس میں گفتگو کررہی تھیں۔














