(نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 رمضان 1439ھ) غزہ میں فلسطینیوں کے تحفظ پر زور دینے والی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسلامی تعاون تنظیم کی حمایت سے عرب ممالک کیجانب سے کویت کی پیش کردہ قرارداد کو امریکہ نے ویٹو، یعنی مسترد کردیا ہے۔ اس مجوز قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فلسطینیوں کیلئے بین الاقوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اسرائیلی حکومت اور اسرائیلی فوج کیجانب سے غزہ میں جاری بربریت سے بچ سکیں جس میں 30 مارچ سے اب تک تقریبا 120 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 13 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔
مذکورہ قرارداد کے جواب میں امریکہ کیجانب سے پیش کی گئی ایک دوسری قرارداد کو سلامتی کونسل نے مسترد کردیا جس میں غزہ کی پٹّی میں حالیہ تشدّد پر فلسطینی تنظیم حماس کی مذمّت کی تجویز دی گئی تھی۔ اس امریکی قرارداد کو سلامتی کونسل میں یکسر تنہائی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ خود امریکہ کے علاوہ کسی رُکن ملک نے اس کی حمایت میں ووٹ نہیں دیا۔















