شمالی کوریا نے تین امریکی شہریوں کو رہا کردیا: ٹرمپ

(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 24 شعبان 1439ھ)  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر پر اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا نے تین امریکی شہریوں کو رہا کردیا ہے جو امریکہ پہنچنے والے ہیں۔ کوریا نژاد مذکورہ تین امریکی شہریوں کو شمالی کوریا نے گزشتہ سال حکومت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔

ٹرمپ نے ٹوئیٹر کے ذریعے بتایا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیئو تین امریکیوں کیساتھ شمالی کوریا سے واپس آرہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ پومپیئو کی شمالی کوریائی رہنماء کِم جونگ اُن سے ملاقات اچھّی رہی اور کہا کہ شمالی کوریائی رہنماء سے اُن کی ملاقات کی تاریخ اور مقام طے ہوگئے ہیں۔ تاہم اُنہوں نے تاریخ اور مقام کے بارے میں مزید نہیں بتایا اور نہ ہی یہ کہ یہ مجوزہ ملاقات کب اور کہا ہوگی۔

مائیک پومپیئو نے بھی ٹوئیٹر کے ذریعے اپنے بیان میں بتایا کہ اُن کی کِم جونگ اُن سے ملاقات تعمیری رہی اور یہ کہ وہ تین امریکیوں کو لے کر واپس آرہے ہیں۔

وہائٹ ہاؤس کیجانب سے جاریکردہ ایک بیان کیمطابق صدر ٹرمپ نے تین امریکی شہریوں کو رہا کرنے کے کِم جونگ اُن کے اقدام کو سراہا اور اسے خیرسگالی کا اظہار قرار دیا ہے۔ توقع کی جارہی کہ کِم جونگ اُن اور صدر ٹرمپ رواں ماہ کے اواخر یا اگلے ماہ کے اوائل میں سربراہ ملاقات کریں گے۔

امریکی صدر کو اس وقت ایران کے جوہری سمجھوتے سے دستبرداری کے اعلان کی وجہ سے واشنگٹن کے اتحادیوں سمیت بین الاقوامی تنقید کا سامنا ہے۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور ترکی نے امریکہ سمیت چھ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان طے پانے والے جوہری سمجھوتے سے نکل جانے کے صدر ٹرمپ کے اعلان پر افسوس اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے جبکہ یورپی برادری نے بھی امریکی اقدام پر تنقید کی ہے۔