(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 7 رجب 1439ھ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ اور وزیرِ دفاع محمد بن سلمان نے امریکی محکمہٴ دفاع کا دورہ کیا ہے جہاں وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے اُن کا استقبال کیا۔ سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے ساتھ متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ان اُمور میں ’’سعودی تصوّر 2030‘‘ کے تحت تزویراتی تعاون اور دو طرفہ شراکت داری کو گہرا بنانا، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور انسدادِ شدت پسندی اور خطّے کے امن و استحکام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان اس وقت امریکہ کے تین ہفتے کے دورے پر ہیں جہاں قبل ازیں اُنہوں نے وہائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تفصیلی ملاقات کی تھی۔















