(لندن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 20 جمادی الثانی 1439ھ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ اور وزیردفاع محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہٴ برطانیہ کے موقع پر لندن میں وزیراعظم تھریسا مے سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی جسمیں باہمی دلچسپی کے اُمور اور مشرقِ وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادے اور برطانوی وزیراعظم نے سائنسی و تعلیمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ نے توقع ظاہر کی ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہٴ برطانیہ کے دوران لگ بھگ 100 ارب ڈالر کے کاروباری سمجھوتے طے پائیں گے۔ برطانیہ کیجانب سے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے بعد ملک میں تشویش پائی جاتی ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ہوسکتی ہے اور بہت سی کثیرالملکی کمپنیاں لندن سمیت برطانیہ کے دیگر شہروں سے اپنے دفاتر اور سرگرمیاں دیگر ملکوں میں منتقل کرسکتی ہیں۔















