(منیلا۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 22 رجب 1439ھ) فلپائن کے صدر روڈریگو دُوتیرتے نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل کو نسل کشی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اِس مسلمان برادری کو اپنے ملک میں پناہ دینے کیلئے تیار ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ عالمی برادری یہ بحران حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ میانمار کی فوج اور مقامی بُدھ مت کے انتہاء پسند مسلح ارکان نے ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کا بڑی تعداد میں قتل عام کیا اور اُن کے گاؤں کے گاؤں نذرآتش کردیے جس کے باعث گزشتہ سال سے اب تک ساڑھے سات لاکھ روہنگیا مسلمان جان بچاکر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ میانمار کی نام نہاد جمہوریت کی علمبردار قائد آن سان سُوچی کی حکومت نہ صرف روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام رکوانے میں ناکام رہیں بلکہ اُنہوں نے کھلے عام اس کی مذمّت بھی نہیں کی ہے۔















