(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 شعبان 1439ھ) جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اُن نے شمالی کوریائی رہنماء کِم جونگ اُن سے سربراہ ملاقات کے اختتام پر جمعے کی شب اُن کے اعزاز میں ایک پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا جس میں کِم کی اہلیہ اور چھوٹی بہن نے بھی شرکت کی۔ صدر مُن کی اہلیہ بھی اِس عشائیے میں شریک تھیں۔
پورے دن کی مصروفیات اور دونوں رہنماؤں کے مذاکرات کے بعد اِس عشائیے میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ سربراہ ملاقات کے اختتام پر منعقدہ اِس سرکاری عشائیے کا ماحول جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ کیمطابق انتہائی خوشگوار اور اطمینان بخش تھا جس سے پتہ چلتا ہے کہ سیئول اور پیانگ یانگ کے قائدین نے دوطرفہ تعلقات میں ایک بڑی پیشرفت کی ہے۔















