(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 11شعبان 1439ھ) شمالی کوریا کے رہنماء کِم جونگ اُن سرحد پار کرکے جنوبی کوریائی صدر مُن جے اِن سے تاریخ ساز ملاقات کیلئے غیرفوجی علاقے کی جنوبی کوریائی جانب پہنچ گئے ہیں جہاں صدر مُن نے اُن کا گرمجوش خیرمقدم کیا۔
کِن جونگ اُن جمعہ کے صبح ساڑھے نو بجے سرحد پار کرکے جنوبی کوریا کے پن مُنجوم گاؤں میں داخل ہوئے جو کہ ایک تاریخ ساز لمحہ تھا۔ جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کیمطابق دونوں رہنماء صبح اور دوپہر میں مذاکرات کریں گے جس کے بعد مقامی وقت کیمطابق شام ساڑھے چھ بجے کے قریب ایک مُشترکہ بیان جاری کیا جائے گا۔ اپنی آمد کے وقت شمالی کوریائی رہنماء کِم مسکرارہے تھے جبکہ جنوبی کوریائی صدر مُن نے بھی اُن کا استقبال مسکراہٹ اور گرمجوشی کیساتھ کیا۔















