(زولنگن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 14 رمضان 1439ھ) جرمنی کے شہر زولنگن میں 25 سال قبل پانچ ترک شہریوں کو آتشگیر مادے سے اُن کے گھر پر حملہ کرکے ہلاک کردینے کی 25 ویں برسی منگل کے روز منائی گئی ہے جس میں چانسلر انجیلا میرکل، وزیرِ خارجہ ہائیکو ماس اور ترک وزیرِ خارجہ میولود چاوش اوغلو نے بھی شرکت کی جو ان تقریبات میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر جرمنی پہنچے ہیں۔ ایک اور تقریب ڈسلڈورف شہر میں بھی منعقد ہوئی جہاں ہلاک شُدگان کی یاد منائی گئی۔
زولنگن شہر میں مقیم ترکی کے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو 29 مئی 1993ء کو جرمنی کے دائیں بازو کے ایک نسل پرست انتہاء پسند گروہ نے اُن کے گھر پر حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ پانچوں افراد جل کر ہلاک ہوئے تھے جن میں چار بچّے شامل تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک چار سالہ بچّی بھی شامل ہے جو سب سے کم عمر تھی۔ پانچوں افراد کو نفرت اور نسل پرستی کی بنیاد پر ہلاک کیا گیا تھا۔
















