جاپان میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات، عالم اسلام کے امن واستحکام کیلئے دعائیں

(ٹوکیو۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 2 شوال 1439ھ) جاپان بھر میں جمعے کے روز عیدالفطر کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ عید کا سب سے بڑا اجتماع ٹوکیو جامعی میں منعقد ہوا جسے ٹوکیو مسجد اور ترک مسجد بھی کہا جاتا ہے۔ جمعے کے رو زٹوکیو میں بارش کے باوجود دوردراز سے ہزاروں مسلمان ٹوکیو جامعی میں نمازِعید کیلئے جمع ہوئے۔

اس کے علاوہ کاناگاوا، سائتاما، چیبا، اباراکی، توچگی، شزؤکا، ناگویا، اوساکا، کوبے، نیگاتا، تویاما اور ہوکائیدو میں بھی عیدالفطر کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ بعض مساجد میں عید کے اجتماعات کے بعد کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

سفارتخانہٴ پاکستان ٹوکیو میں سفیرِ پاکستان اسد مجید صاحب نے عیدالفطر کے موقع پر پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ بہت سے پاکستانیوں نے نماز عید کے بعد سفارتخانہٴ پاکستان کی اس عید ملن تقریب میں شرکت کی۔