(استنبول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 رجب 1439ھ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نتن یاہُو پر سخت تنقید کرتے ہوئے اُنہیں ’قابض‘ اور ’دہشت گرد‘ قرار دے دیا ہے۔
جنوبی صوبے آدانا میں حکمراں انصاف اور ترقّی جماعت کے مقامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے صدر اردوغان نے شام کے شہر عفرین میں ترکی کی انسدادِ دہشتگردی کارروائی کے حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم کے بیان پر اُنہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وہ کہتے ہیں کہ ہمارے فوجی عفرین میں لوگوں پر جبر کررہے ہیں۔ نتن یاہُو تم بہت کمزور بہت محروم ہو‘‘۔
ترک صدر نے کہا کہ’’ہم دہشتگردوں سے نبٹ رہے ہیں، تم نہیں۔ کیونکہ تم ایک دہشتگرد ریاست ہو‘‘۔ اُنہوں نے اسرائیلی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’تم بھی دہشت گرد ہو۔ تاریخ سب درج کررہی ہے کہ تم نے جبر سے دبائے جانے والے فلسطینیوں کیساتھ کیا کِیا ہے‘‘۔
















