(انقرہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 رجب 1439ھ) ترکی کی میزبانی میں انقرہ میں منعقدہ سربراہ اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ اعلامیہ میں ترکی، رُوس اور ایران نے شام کی تقسیم کی کوششوں کیخلاف مُشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان، رُوس کے صدر ولادیمیر پُوٹن اور ایران کے صدر حسن روحانی کے ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والے بندکمرہ اجلاس کے بعد جارے کیے جانے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ’’دہشتگردی سے جنگ‘‘ کے نام پر شام میں نئے زمینی حقائق تخلیق کرنے کی ’’تمام کوششوں کو مُسترد‘‘ کرتے ہیں۔















