(سرینگر۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 شعبان 1439ھ) بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کیجانب سے بیگناہ اور نوجوان کشمیریوں کی ہلاکت اور گرفتاریوں کیخلاف پُرزور احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں تاکہ مقبوضہ وادیٴ کشمیر میں بھارت کے مظالم اور قتل عام پر دنیا کی توجہ دلائی جائے۔
جمعہ کے روز سرینگر، شوپیاں، پلواما اور دیگرمقامات پر مظاہرے ہوئے۔ مُشترکہ مزاحمتی قیادت کے تحت سرینگر کے نوہٹہ، حیدرپورہ اور لال چوک سمیت دیگر علاقوں میں بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے جن کی قیادت میرواعظ عمر فاروق، غلام نبی سمجھی، یوسف نقاش، حکیم عبدالرشید، شوکت احمد بخشی، بشیر اندرابی، مختار احمد صوفی، مولوی بشیر احمد، خواجہ فردوس وانی اور دیگر حریت رہنماؤں نے کی۔ کشمیری عوام کی بڑی تعداد نے مظاہروں اور ریلیوں میں شرکت کی جن میں ہر طبقہٴ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔















