(لندن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 22 رجب 1439ھ) برطانیہ میں حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت لیبر پارٹی کے قائد جیرمی کوربِن نے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کے’’غیر قانونی اور غیرانسانی‘‘ تشدّد کی مذمّت کی ہے۔
اپنے بیان میں جیرمی کوربِن نے کہا ہے کہ ’’مزید غیرمسلح فلسطینی مظاہرین کی کل (جمعہ کے روز) ہلاکتیں اور اُنہیں زخمی کیا جانا ایک سفّاکیت ہے‘‘۔ لندن میں برطانوی وزیراعظم دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران پڑھ کر سُنائے جانے والے بیان میں برطانوی لیبر پارٹی کے قائد نے کہا کہ ’’غزہ کی پٹّی کے لوگوں کی اکثریت بغیر ریاست والے پناہ گزین ہیں جن پر ایک دہائی طویل ناکہ بندی ہے اور جن کے بنیادی انسانی حقوق اور سیاسی حقوق سے انکار کردیا گیا ہے‘‘۔ اِس احتجاجی مظاہرے کا اہتمام ’احبابِ الاقصیٰ‘‘ نامی گروپ نے کیا تھا۔

















