برطانوی دارالحکومت لندن میں 13 جولائی کو ٹرمپ کیخلاف مظاہرے کی تیاریاں

(لندن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 رمضان 1439ھ) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں 13 جُون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد کے موقع پر ’’احبابِ الاقصیٰ‘‘ نامی گروپ نے احتجاجی مظاہرے کا منصوبہ بنایا ہے۔

مذکورہ گروپ نے ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر کی نسل پرستی، تعصب، اسلام فوبیا اور فلسطین مخالف پالیسیوں پر اُن کا ایسا استقبال کرنے کی ضرورت ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔ اس گروپ نے ’’ڈمپ ٹرمپ‘‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے جس کا مقصد امریکی صدر کے دورہٴ برطانیہ کی مخالفت کا اظہار ہے۔

اس سے پہلے بھی جب امریکی صدر ٹرمپ کے دورہٴ برطانیہ کی اطلاعات منظرعام پر آئی تھیں تو لندن کے ناظم صادق خان نے اُن کی اسلام اور مسلمان دشمن پالیسیوں اور امتیازی سلوک پر مبنی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کو لندن میں خوش آمددید نہیں کہا جائے گا۔ صادق خان نے وزیراعظم تھریسا مے سے یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ وہ امریکی صدر کا دورہٴ برطانیہ منسوخ کردیں۔