(انقرہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 رمضان 1439ھ) جدید دور میں آپ نے ایسا کبھی نہ سُنا ہوگا کہ کوئی شہنشاہ، صدرِ مملکت یا ملک کا وزیرِاعظم عوام کیجانب سے غیررسمی دعوت دینے پر فوری طور پر اُن کے پاس پہنچ گیا ہو۔ لیکن اکیسویں صدی میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایسا کردکھایا اور وہ اس قسم کے غیرمعمولی کام کرنے کے عاددی نظرآتے ہیں۔
ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے ہاسٹل میں قیام پذیر طلباء میں سے ایک نے ٹوئیٹر پر صدر رجب طیب اردوغان کو حسین غازی ہاسٹل میں ایک ساتھ سحری کرنے کیلئے ٹوئیٹر پر دعوت دیتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’جناب صدر صاحب ایک رات آپ ہمارے حسین غازی ہوسٹل میں ہمارے مہمان بنیں اور ہم اکھٹے ہی سحری کریں‘‘۔ طلباء اُس وقت حیران رہ گئے جب جناب اردوغان نے اپنے ٹوئیٹر پر جواب دیتے ہوئے پیغام لکھا کہ ’’اگر آپ کی چائے تیار ہے تو میں آرہا ہوں‘‘۔
















